03 فروری ، 2014
لاہور…وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذکرات سمیت اندرونی تمام معاملات کو مذکرات کے ذریعے حل کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم کا منصب سنبھالتے ہوئے معیشت کی جو صورتحال ورثے میں ملی اسکی تصویر ناقابل بیان تھی جس کو اب بہتری کی جانب گامزن کر دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف سینئر صحافی اور دانشور عطا الحق قاسمی کی دعوت پر لاہور کے الحمراء آدیٹویم پہنچے جہاں انہوں نے سینئر صحافیوں کالم نویسوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات، قومی اداروں کی صورتحال،امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھاکہ انکی خواہش ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کو خوش اسلوبی سے بات چیت سے حل کریں، نواز شریف کا کہنا تھاکہ مذکرات کی وہ خود نگرانی کریں گے جبکہ بلوچستان کے روٹھے بھائیوں کو منانے کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے بات کی ہے تاکہ بات چیت سے مسائل حل ہوں۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ ورثے میں جو معیشت ملی اس کی تصویر نہ پہلے کبھی دیکھی تھی اور نا بیان کی جا سکتی ہے تاہم اب معیشت کی بحالی کے ثمر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھاکہ حکومت نیک نیتی اور خلوص دیانتداری سے ملک کو مسائل سے نکالنے میں کوشاں ہیں اور کامیابی کے لیے سب کودعا کرنی چاہیئے ۔