04 فروری ، 2014
پشاور…پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں ہونے والے دھماکے کے متعلق اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک کا کہنا ہے کہ وہ خود کش تھا۔ واقعے میں8 افراد جاں بحق اور42زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق قصہ خوانی بازار کے پیچھے واقع کوچہ رسالدار میں ایک ہوٹل میں خود کش حملہ آور داخل ہوا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور42زخمی ہوگئے۔دھماکا جس جگہ ہوا ہے وہ ایک تنگ گلی میں ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں شدید دشواری پیش آئی۔ دھماکا ہوتے ہی پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے کافی دشواریوں سے ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔