04 فروری ، 2014
کوئٹہ…وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ وادی کوئٹہ اور گرد ونواح میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیاہے اور ہوا ئیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران وادی کوئٹہ میں 17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گوادر میں 29ملی میٹر، تربت میں 23، قلات میں 19اور اورماڑا میں 15ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بھی کوئٹہ، قلات اور ژو ب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے دو، دالبندین میں تین اور قلات میں نقطہ انجماد سے 8در جے نیچے ہے۔ دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس پریشر میں کمی ہوگئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔