05 فروری ، 2014
اسلام آباد…کشمیریوں کے ساتھ معاشرتی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت کے اظہار کے لیے آج یوم یک جہتی کشمیر منایاجارہاہے۔حکومت پاکستان کا موقف ہے کہ کشمیرپرایساکوئی فیصلہ نہیں کیاجائیگا جس سے کشمیریوں کی دل آزاری ہو۔دنیا بھر میں پاکستانی شہری آج کشمیریوں کیساتھ یک جہتی کادن اس عہد کی تجدید کیساتھ منارہے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کے ہر فیصلے کا احترام کرتا ہے اورانہیں آزادی کاحق ملنے تک ہرسطح پران کی حمایت جاری رکھی جائیگی ۔وفاقی وزیر امور کشمیرچودھری برجیس طاہر کا کہنا ہے کہہم پانچ فروری کو اظہار یکجہتی کے طور پر مناتے ہیں اور پاکستان کبھی ایسا اقدام نہیں کرے گا۔ کشمیریوں کیساتھ یک جہتی کے اظہارکیلئے ملک بھرمیں ریلیاں نکالی جارہی ہیں ۔ کشمیریوں کا کہنا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری آنی چاہئے لیکن مسئلہ کشمیرکاترجیحی بنیادوں پرحل ضروری ہے۔ رہنماء کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی کہتے ہیں کہ اظہار یک جہتی سے تو مسئلہ نہیں ہوتا ،مگر اس سے کشمیر کو یہ پیغام ضرور دیا جاتا ہے کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ پانچ فروری کو پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتیں بھی ایک ساتھ بھارت کویہ پیغام دیتی ہیں کہ وہ کشمیری عوام کیساتھ ہیں اوراس تنازعے کاجلد حل ضروری ہے۔