07 فروری ، 2014
حمص…شام نے کہا ہے کہ حمص میں پھنسے بے گناہ شہریوں کے انخلا کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت حمص کے گورنر اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کے مطابق خواتین، بچوں، بوڑھوں اور زخمیوں کو شہر سے نکلنے دیا جائے گا۔شام کے تیسرے بڑے شہر حمص میں پرانے شہر کے کچھ حصے جون 2012 سے ِتقریباً تین ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے انسانی بنیادوں پر جنگ میں وقفے کا خیر مقدم کیا ہے۔عالمی ادارے کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور اس کی ساتھی تنظیموں کا شہر کے باہر امدادی سامان رکھا ہوا ہے، تاکہ اجازت ملتے ہی سامان فوری طور پر متاثرین تک پہنچایا جاسکے۔امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بھی ان اطلاعات کا خیر مقدم کیا ہے۔ ریڈ کراس نے امید ظاہر کی ہے کہ جمعے کو لوگوں کا انخلا ممکن ہو سکے گا اور اگلے روز باقی عام شہریوں کے لیے امدادی سامان لے جایا جا سکے گا۔حزبِ اختلاف کی باغی فورسز کی جانب سے اس انخلا کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان نہیں آیا ہے۔