10 فروری ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں آستانے پر فائرنگ اور بم حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی،واقعے کا مقدمہ تھانہ سعید آباد میں نامعلوم ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گرد کے تحت درج کیا گیا۔کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن سیکٹر12 میں واقع آستانے پر 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 سے آٹھ حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اورایک درجن افرادزخمی ہوگئے۔ایس پی بلدیہ کے مطابق حملہ آوروں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین نے سول اسپتال کے باہرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عزیز آستانے پر زیارت کے لیے گئے تھے۔ جاں بحق افراد میں ایک بچی بھی شامل ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے 2 درجن سے زائد 9 ایم ایم پستول کے خول بھی تحویل میں لئے ہیں،جبکہ زخمیوں اور اہل علاقہ کے بیانات بھی قلم بند کر لیے ہیں،سینئر ایم ایل او سول اسپتال ڈاکڑآفتاب چنڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ جان بحق ہونے والے افراد میں باپ اور بیٹی بھی شامل ہے،جبکہ مرنے والے 9افراد میں سے 7 کی شناخت ہوگئی ہے۔