13 فروری ، 2014
انقرہ …وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے، طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت اطمینان بخش ہے۔ترکی کے دارالحکومت انقرا میں میڈیاسے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف کاکہنا تھاکہ عوام اور طالبان دونوں ہی خوشخبری سننا چاہتے ہیں۔ طالبان سے مذاکرات کیلیے عوام اور فوج کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ حکومتی کمیٹی کے مذاکرات میں پیش رفت اطمینان بخش ہے، وزیر اعظم نے کہا طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں گے۔ وزیراعظم نے ترک صدر کے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف نے ترک صدر کے صاحبزادے احمد گل سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر غورکیا گیا۔ بدھ کی صبح انقرہ ایئرپورٹ پر وزیراعظم نوازشریف اوران کے وفدکا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ ترک وزیرماحولیات ادریس گل جے نے وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نوازشریف پاک ترک افغان سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے علاوہ ترک صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔