16 فروری ، 2014
کشمور…کشمور میں تنگوانی کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہو اہے جس کے نتیجہ میں چار بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے،واقعے میں دو درجن سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں شدید زخمی بھی شامل جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ ٹرین خوشحال خان ایکسپریس ہے جو کراچی سے پشاور جا رہی تھی۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ دھماکے سے 100 میٹرریلوے ٹریک متاثر ہوا ہے۔زخمیوں کو ٹریکٹر ٹرالیوں میں قریب واقع اسپتال منتقل کیا جا رہاہے تاہم اسپتال میں طبی امداد کی زیادہ اچھی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں شدید زخمی بھی موجود ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ریلوے کی آمد رفت بھی بند ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہو ئے آئی جی ریلوے کوتحقیقات کرکے رپورٹ دینے کا حکم دیا ہے ۔وفاقی وزیر نے جی ایم ریلوے کو امدادی کارروائیاں تیزکرنے اور متبادل ٹرین فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔