16 فروری ، 2014
کراچی…پاکستان دہشت گردوں کے نرغے میں ہے اور حکومت سمیت سیاسی قیادت تماشائی بنی ہوئی ہے، عوام طالبانی شریعت کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ مل کر طالبان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حاضر ہیں، پاکستان کے دفاع اور تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی اور راست اقدام سے دریغ نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا احمد اقبال ، سنی اتحاد کونسل کراچی کے صدر مولانا فیصل عزیزی ، تحریک منہاج القرآن کراچی شعبہ خواتین کی صدر تسبیہہ شفیق ، جمعیت علماء پاکستان سندھ خواتین کی صدر ڈاکٹر بلقیس صدیقی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کی سیکریٹری جنرل زہرا نجفی نے کراچی آرٹس کونسل میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام منعقدہ ”محفل میلاد “ اور ”سیرت نبوی کانفرنس “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیرت نبوی کانفرنس مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والی سیکڑوں خواتین نے شرکت کی اور بارگاہ رسالت ماب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ ”سیرت نبوی کانفرنس “سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا احمد اقبال کاکہنا تھا کہ پیغمبر اکرم (ص) کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کے درمیان وحدت اور اتحاد کا مظہر ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ عالمی استعمار امریکہ اورصیہونی قوتیں براہ راست تعلیمات نبوی پر یلغار کر رہی ہیں اور دنیا بھر میں دہشت گردوں کی مدد اور دہشت گردی کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہیں، حکومت ایک طرف طالبان دہشت گردوں سے مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے تو دوسری طرف طالبان ، سیکیورٹی اداروں اور عوام کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ مولانا فیصل عزیزی کاکہنا تھا کہ پاکستان خطرے میں ہے اور حکومت سمیت سیاسی قائدین خوب غفلت میں ہیں، انہوں نے پاکستان میں طالبان دہشت گردوں کے فتنے کو خوارج کے فتنے سے تشبہیہ دی ۔اس موقع پر خواتین کی جانب سے نعت خوانی اور قصیدہ خوانی بھی کی گئی اور شان رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔