18 فروری ، 2014
پشاور…ایف آر پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر جہانزیب کی نماز جنازہ کور ہیڈ کوارٹر میں ادا کی گئی۔ تدفین کل آبائی علاقے ملتان میں کی جائے گی۔ایف آر پشاور میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر جہانزیب عدنان شہید ہوگئے ،آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے،شہید میجر جہانزیب عدنان کی میت کور ہیڈ کوارٹر پشاور منتقل کی گئی جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا شوکت اللہ ، کورکمانڈر خالد ربانی اور صوبائی وزراء شوکت یوسفزئی اور شاہ فرمان کے علاوہ پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی شہید کو فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد ان کی میت آبائی شہر ملتان روانہ کردی گئی۔ ملتان میجرجہانزیب عدنان کی شہادت کی خبر ملتے ہی انکے گھر پر عزیزو اقارب اور دوست احباب اکھٹے ہونا شروع ہو گئے۔ شہید کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے انہوں نے 11 سال قبل فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ شہید میجر جہانزیب عدنان کی میت صبح سات بجے ان کے آبائی گھر عسکری ہوم لائی جائے گی جبکہ ان کی نمازہ جنازہ 9 بجے آرمی گراونڈ میں ادا کی جائے گی۔شہید جہانزیب عدنان کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد نور کا کہناہے کہ ان کے بیٹے نے قوم کے کل کو بچانے کے لیے قربانی دی ہے۔