18 فروری ، 2014
کوئٹہ…کوئٹہ میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس میں ایک دوسرے کے مسلک کے اکابرین کا احترام اور مسلکی تنازعات کوافہام و تفہیم سے طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔اتحاد بین المسلمین کانفرنس کا انعقاد وفاقی وزارت مذہبی امور نے کیا تھا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما اور اکابرین نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقدہ کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے درمیان محبت، رواداری اور افہام وتفہیم کی فضاء قائم کرنے کی ضرورت پرزور دیا گیا۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اتحاد، یکجہتی اور مشاورت کے ذریعے حالات کی بہتری کے لیے کی گئی کوششوں سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔مختلف مکتب فکر کے علما کرام نے بڑی بہترین آرا ء دی ہر شخص نے اس سیمینار میں اتفاق اتحاد ویکجہتی اسلام کا جو ایک عالمگیر پیغام ہے اس کی طرف توجہ دی ہے اور اس کی ترغیب کی ہے۔کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور اکابرین نے بھی اتحاد و یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی پر زور دیا۔ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ امن کے قیام اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔