02 اپریل ، 2012
اسلام آباد … حکومت پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس میں کمی کے ذریعے قیمتیں نہ بڑھا کر ر یلیف دے سکتی تھی۔ اوگرا دستاویزکے مطابق حکومت فی لیٹر پیٹرول پر سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی سے مجموعی طور پر 24روپے 58 پیسے حاصل کر رہی ہے اگر حکومت اپنے اس منافع کو 16روپے 56 پیسے تک محدود کر لیتی تو عوام کو پیٹرول کی 8روپے 2 پیسے فی لیٹر قیمت منتقل نہ ہوتی۔ ڈیزل کے فی لیٹر پر سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی سے سرکاری خزانے میں 18روپے 99 پیسے جارہے ہیں حکومت اس رقم میں سے صرف 14 روپے 29 پیسے فی لیٹر تک اکتفا کر لیتی تو غریب عوام ڈیزل کی مد میں 4روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافے سے بچ سکتے تھے۔ اسی طرح مٹی کے تیل پر 18 روپے 85 پیسے پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس سے سرکاری خزانے میں جارہے ہیں حکومت مٹی کے تیل سے فی لیٹر لیوی اور سیلز ٹیکس سے 13 روپے 56 پیسے پر ہی گزارا کر لیتی تو عوام مٹی کے تیل پر 5روپے 29 پیسے اضافے سے بچ سکتے تھے۔