20 فروری ، 2014
میر علی، شمالی وزیرستان …شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی میں طالبان اور غیر ملکی کمانڈروں سمیت 35 کے قریب دہشت گرد مارے گئے ، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے دہشت گردوں کے چھ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، مارے گئے دہشت گردوں میں ازبک ، تاجک اور ترکمانستان کے شدت پسند بھی شامل ہیں۔ گزشتہ شب شروع ہونے والی کارروائی میر علی کے علاقوں حسو خیل ، حیدرخیل ، ایدک اور خوشحالی میں کی گئی جس میں دہشت گردوں مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ سینئر صحافی عامر میرنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرجیکل اسٹرائیک میں 3 ملکی اور غیر ملکی کمانڈروں سمیت تین درجن کے قریب دہشت گرد ہلاک ہوئے ، جس میں اسلحہ و بارود کا بھاری ذخیرہ بھی تباہ کیا گیا ہے۔فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے جن چھ اہداف کو نشانہ بنایا، ان میں پہلا حملہ کمانڈر عبدالستار کے مرکز پر کیا گیا، جہاں بارود کا بھاری ذخیر ہ بھی تھا۔دوسرا اور تیسرا حملہ ازبک اور ترکمانی دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں خود کش جیکٹ اور گاڑیاں تیار کرنے والا ترکمانی ماہر بھی شامل ہے۔چوتھے حملے میں تاجک کمانڈر سمیت ٹھکانے میں موجود تمام دہشت گرد مارے گئے،ایک اور حملے میں طالبان کمانڈر جہاد یار کا مرکز ہدف تھا جس میں 15دہشت گرد مارے گئے۔تحریک طالبان کے کمانڈر عبدالرزاق کا مرکز بھی فضائیہ کارروائی کا نشانہ بنا۔ذرائع کے مطابق فضائی کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کی گئیں جس میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو ہلاک کیا گیا، عسکریت پسندوں نے تباہ ٹھکانوں سے ساتھیوں کی لاشیں منتقل کردی ہیں، ہلاکتوں کی درست تعداد سامنے آنے میں وقت لگے گا۔