20 فروری ، 2014
کراچی …حکومت سندھ کی جانب سے اہم شخصیات اور وی وی آئی پیز کی سیکیورٹی کے لئے ڈائریکٹرجنرل سیکیورٹی کا عہدہ تخلیق کرنیکی تجویز کی آئی جی سندھ نے مخالفت کردی۔آئی جی کہتے ہیں پولیس میں ایک بڑا ونگ یہ کام کررہا ہے، کنٹریکٹ پر تقرری سیکیورٹی رسک اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بھی کنسلٹنٹ بنانے کا نیا راستہ بتادیا۔ سندھ حکومت صوبے میں وی آئی پی، اہم شخصیات، غیرملکی سفارتکاروں کی سیکیورٹی کے لئے محکمہ داخلہ میں ڈی جی سیکیورٹی کا عہدہ تخلیق کرنے پر غور کررہی ہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے سمری منظوری کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی تو آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے اس کی مخالفت کردی۔آئی جی سندھ نے موقف اختیار کیا کہ وی آئی پی اور وی وی آئی پی، اہم شخصیات اور تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ دار پولیس ہے۔پولیس میں اس مقصد کے لئے چار سیکیورٹی برانچیں اور ایک اسپیشل سیکیورٹی یونٹ موجود ہے، جو آئی جی سندھ کے ماتحت تمام ضروریات پوری کرتاہے۔آئی جی نے مزید کہا کہ کنٹریکٹ پر ڈی جی کا تقرر جو یونیفارم میں نہ ہو مسائل پیدا کرے گا بلکہ سیکیورٹی انتظامات میں خامیاں بھی پیدا ہوں گی۔آئی جی سندھ نے کہا کہ یہ عمل سپریم کورٹ کے کنٹریکٹ پر بھرتیوں سے متعلق فیصلے کی خلاف ورزی ہوگی جس میں سپریم کورٹ 13 کنٹریکٹ پولیس افسران کو برطرف کرچکی ہے۔دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ نے آئی جی سندھ کے اختلاف کے بعد نیا راستہ نکالتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو وی آئی پی سیکیورٹی کنسلٹنٹ مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔