پاکستان
21 فروری ، 2014

غداری کیس خصوصی عدالت میں ہی چلے گا،مشرف 11 مارچ کو طلب

 غداری کیس خصوصی عدالت میں ہی چلے گا،مشرف 11 مارچ کو طلب

اسلام آباد…خصوصی عدالت نے غداری کیس فوجی عدالت کومنتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق صدر پرویزمشرف کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 11 مارچ کوطلب کر لیا ہے۔ خصوصی عدالت نے غداری کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت چلانے کی مشرف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ سنگین غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت کا اختیار ہے۔عدالت نے سابق صدر کو 11 مارچ کو طلب کرلیا۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی خان پر مشتمل خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے پرویز مشرف کی درخواستوں کی سماعت کی۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنگین غداری کا مقدمہ صرف اور صرف خصوصی عدالت کا اختیار ہے،جس آرمی ایکٹ کا حوالہ دیا گیا، وہ ختم ہو چکا ہے، ملزم کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس پر آرمی ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مقدمہ چلانے کا کسی اور عدالت کو اختیار نہیں، 1977 کے آرمی ایکٹ کو 1981 میں کالعدم قرار دیا جا چکا۔عدالت نے پرویز مشرف کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے 11 مارچ کو طلب کر لیا۔فیصلہ آنے کے بعد پرویز مشرف کے وکیل رانا اعجاز روسٹرم پر آگئے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک برا فیصلہ ہے،ہم تسلیم نہیں کرتے۔جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے تو اپیل دائر کریں، کیس کی مزید سماعت 4 مارچ کو ہو گی۔

مزید خبریں :