22 فروری ، 2014
ہنگو… تحصیل ٹل میں فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے حملہ کر کے 9دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین اہم دہشت گرد بھی شامل ہیں۔دوسری جانب خیبر ایجنسی اور پشاور میں بم دھماکوں میں ایک دہشت گردسمیت دو افراد مارے گئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق فضائی کارروائی تحصیل ٹل کے قریب کی گئی، جس میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ شدت پسند دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ فورسز نے درسمند اورتورا وڑی میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی ،جس کے نتیجے میں 9 دہشت گرد مارے گئے، جن میں 3 اہم دہشت گرد شامل ہیں اور ان کے ٹھکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں بم سڑک کے کنارے نصب کرتے ہوئے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ ادھر پشاور کے نواحی علاقے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں جمعہ خان خوڑ کے مقام پر دھماکا ہوا، جس سے ایک مشتبہ شخص ماراگیا۔ پولیس حکام کے مطابق تحقیق کی جارہی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص خودکش حملہ آور تھا یا بم نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوا۔