پاکستان
24 فروری ، 2014

سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہوں گے

سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج ہوں گے

اسلام آباد…سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج سہ پہر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوں گے، وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل اور موجودہ صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس میں پیر کی سہ پہر چار بجے شروع ہو رہے ہیں۔ موجودہ قومی اسمبلی کا یہ نواں اجلاس ہے جس میں معمول کی کارروائی کے ساتھ انسداد دہشت گردی سے متعلق خصوصی قانون سازی کی جائے گی۔ جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف قومی اسمبلی کے اس اجلاس کے دوران ایوان میں آئیں اور ملک کو درپیش چیلنجز خصوصاً طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل اور حکومت کی حکمت عملی پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم پر سینیٹ اجلاس میں اب تک شرکت نہ کرنے کے باعث جو دباوٴ ہے اس کے تناظر میں امکان ہے کہ وہ سینیٹ کے اجلاس میں شریک ہو کر ایوان بالا کو بھی اہم قومی امور پر اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن طالبان کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی کارروائیوں خصوصاً 23ایف سی اہلکاروں کے قتل پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن حکومت سے مطالبہ کرے گی کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے اور امن مذاکرات کے حوالے سے واضح لائحہ عمل اختیار کرے۔ اپوزیشن کی طرف سے حکومت کی نجکاری پالیسی اور کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے کے اعلان پر بھی احتجاج متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت قومی اسمبلی سے پاس ہونے والا انسداد دہشت گردی ترمیمی بل اب سینیٹ سے بھی منظور کرانے کی کوشش کرے گی جبکہ تحفظ پاکستان ترمیمی بل بھی ایوان بالا میں پیش کیا جائے گا۔ سینیٹ میں پیپلز پارٹی اور اے این پی کی طرف سے لاپتہ بلوچ افراد کے لواحقین کے لانگ مارچ کے شرکاء کو ہراساں کرنے کی تحریک التوا اور میاں رضا ربانی کی طرف سے ججز اور بیوروکریٹس پر دوہری شہریت کی پابندی سمیت دیگر مجوزہ بلز پر بھی بحث کا امکان ہے۔





مزید خبریں :