پاکستان
25 فروری ، 2014

کراچی :گلشن اقبال میں 2014ء کی چھٹی بنک ڈکیتی

کراچی :گلشن اقبال میں 2014ء کی چھٹی بنک ڈکیتی

کراچی…کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہونے والی بینک ڈکیتی سال 2014ء کی چھٹی بینک ڈکیتی ہے۔ بینک ڈکیتیوں کی سی سی ٹی وی ویڈیو ہونے کے باوجود ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ کراچی میں گلشن اقبال موچی موڑ کے قریب نجی بینک میں تین مسلح ملزمان داخل ہوئے اور اسلحے کے زورپرنجی سکیورٹی گارڈز کو قابو کرنے کے بعد باآسانی 15لاکھ روپے سمیٹ کر فرار ہوگئے۔ بینک ڈکیتی کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک میں موجود دو نجی سکیورٹی گارڈز نے ملزمان کے خلاف کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی اور رقم لوٹنے کے بعد ملزمان بینک کے باہر دیگر ملزمان کے ساتھ موٹر سائیکلوں پرفرار ہوگئے۔ اس سے قبل بھی کراچی پانچ بینک ڈکیتیوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ 7جنوری کو لانڈھی میں عوامی کالونی تھانے کی حدود میں نجی بینک سے مسلح افراد نے لاکھوں روپے لوٹ لیے اور مزاحمت پر فائرنگ سے دو سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے۔ 20جنوری کو نشانہ بنا ناظم آباد میں نجی بینک اور ملزمان 2لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔ 29جنوری کو عزیز آباد میں بینک سے ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر چلتے بنے۔ 20فروری نارتھ کراچی سرسید ٹاوٴن میں بینک ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان 4لاکھ روپے لوٹ کر رفو چکر ہوگئے۔ 24فروری کو اورنگی ٹاوٴن قصبہ موڑ کے پاس نجی بینک میں ملزمان 45لاکھ روپوں پر ہاتھ صفا کرکے یہ جا وہ جا ہوگئے۔ جو اب تک سال کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی ثابت ہوئی۔

مزید خبریں :