پاکستان
03 مارچ ، 2014

اسلام آباد کچہری حملہ،ایڈیشنل سیشن جج ، خاتون وکیل، پولیس اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق

 اسلام آباد کچہری حملہ،ایڈیشنل سیشن جج ، خاتون وکیل، پولیس اہلکار سمیت 11 افراد جاں بحق

اسلام آباد…دہشت گردوں نے آج اسلام آباد کو نشانہ بنایا ہے ، ایف ایٹ کچہری میں فائرنگ ، گرینیڈ اور خود کش دھماکوں سے ایڈیشنل سیشن جج سمیت گیارہ افراد جاں بحق اور 35 سے زائد زخمی ہوگئے ، حملہ آوروں کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں ، دہشت گردوں نے ملک کے مرکز پر وار کیا ہے۔اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں گھس کر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی ، کافی دیر تک کچہری دہشت گردوں کے نرغے میں رہی ، جو ہینڈ گرینیڈ پھینکتے اور فائرنگ کرتے آگے بڑھتے رہے جو راستے میں آیا اسے نشانہ بنایا،لوگ پناہ کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگتے رہے اور بہت سے گولیاں لگنے سے زخمی ہوکر گر پڑے ، د وحملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا ،ایک خود کش حملہ ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان کی عدالت میں کیا گیا جس سے وہ خود بھی جاں بحق ہوگئے ، دوسرا خود کش اس جگہ کیا گیا جہاں وکلا کے دفاتر بنے ہوئے تھے،کچھ دیر بعد ایلیٹ فورس کے کمانڈوز نے کچہری کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا تو اندر کمروں میں پڑے زخمیوں کی اسپتال منتقلی کاکام شروع ہوا،آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ اس حملے کے محرکات کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔پمز اسپتال میں 35 سے زائد زخمیوں اور گیارہ لاشوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔جن میں خواتین بھی شامل ہیں ، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، زیادہ تر افراد گولیاں لگنے سے زخمی اور جاں بحق ہے۔

مزید خبریں :