کھیل
04 مارچ ، 2014

ایشیا کپ:پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے پچھاڑ دیا

ایشیا کپ:پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے پچھاڑ دیا

میر پور،ڈھاکا…پاکستان نے ایشیا کپ کے اپنے چوتھے اور آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیش کو تین وکٹو ں سے ہرادیا ، اب پاکستان اس ایونٹ کے فائنل میں ہفتہ 8مارچ کو سری لنکا سے مقابلہ کریگا۔پاکستان کی ٹیم نے جیت کا ہدف329رنز سات وکٹوں کے نقصان پر 49.5اوورز میں حاصل کیا۔اس سے قبل میر پور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے مقررہ پچاس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 326جیسا بڑا ہدف ترتیب دیا۔جوا ب میں پاکستان کا ابتدائی آغاز اچھا رہا اور پہلی وکٹ 97پر اس وقت گری جب ، نائب کپتان محمد حفیظ52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔تاہم پھر پہ در پے تین وکٹیں گرنے کے باعث گرین شرٹس کو خود کوسنبھالا دینا پڑا اس موقع پر آج کے پاکستانی بیٹنگ ہیرو احمد شہزاد 103اور فواد عالم 74نے صورتحال کو کنٹرول کیا ، بعدازاں شاہدخان آفریدی کے دھواں دھار 59رنز نے پاکستان کو فتح سے مزید قریب کیا ۔آفریدی نے یہ تیز اننگ 25گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے ،واضح رہے کہ یہ انکی تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے، انھیں انکی اس شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہتری کھلاڑی بھی گردانا گیا۔میچ کے آخری لمحات میں مزید سنسنی خیزی اس وقت پیدا ہوگئی جب دو سیٹ بیٹسمین فواد عالم اور شاہد آفریدی رن آؤٹ ہوگئے۔تاہم اس موقع پر عمر اکمل 14نے معاملات کو اپنے قابو میں رکھا اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق نے دو شکیب الحسن،عبدالرزاق اور محمودالله نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

مزید خبریں :