08 مارچ ، 2014
اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان نے تھر میں غذائی قلت سے 100 سے زائد بچوں کی اموات کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ تھر کی صورتحال زندہ رہنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے تھر میں غذائی قلت اور بیماری کے باعث 100 سے زائد بچوں کی اموات کی خبریں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں شائع ہونے پر ازخود نوٹس لیا ہے۔ چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے سندھ کے چیف سیکریٹری سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے کا افسر چیف سیکرٹری کی طرف سے رپورٹ کے ساتھ ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہو۔ اعلامیے کے مطابق ازخود نوٹس کیس کی سماعت 10مارچ کو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3رکنی بینچ میں کرے گا۔