پاکستان
04 اپریل ، 2012

آرلنگٹن:دورہ امریکہ پرآئے پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں تقاریب

آرلنگٹن:دورہ امریکہ پرآئے پاکستانی صحافیوں کے اعزاز میں تقاریب

ڈیلس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... امریکی محکمہ اسٹیٹ کی دعوت پر امریکہ کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے پاکستانی صحافی کے وفد کے اعزاز میں یہاں پر پاکستانی اور ساؤتھ ایشین کمیونٹی کی جانب سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ آرلنگٹن میں واقع ڈاکٹر شبیر کی رہائش گاہ پر یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس ہیلتھ اینڈ سائنس سینٹر فورٹ ورتھ کے چیئر اور مقامی ادبی شخصیت ہربنس لال نے ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔ جس میں پاکستانی صحافیوں اور مقامی پاکستانی اور ہندوستانی نژاد امریکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر پاکستانی صحافیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں امریکی حکومت کی پالیسیوں کو وہاں کے عوام قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھتے تاہم وہ جب یہاں پر آتے ہیں تو یہاں پر مقامی امریکی عوام کو دیکھ کر اور ان سے بات چیت کرکے یہ محسوس ہوا ہے کہ مقامی امریکی پاکستانیوں کے لئے اچھے جذبات رکھتے ہیں اس طرح یہ محسوس ہوتا ہے کہ امریکی انتظامیہ کی پالیسیوں اور یہاں کی عوام کی رائے میں بڑا فرق موجود ہے۔ دریں اثناء ساؤتھ ایشین ڈیموکریسی واچ کی جانب سے مقامی معروف کمیونٹی رہنما سید فیاض حسن کی رہائش گاہ پر بھی صحافیوں کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیاگیا جس میں سید فیاض حسن، بیرسٹر توصیف کمال اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے لئے بالخصوص کام کررہے ہیں تاکہ وہاں پر آئین میں رہتے ہوئے تمام ادارے کام کریں اور وہاں پر مکمل جمہوریت ہو۔ اس موقع پر صحافیوں نے بتایا کہ پاکستان صحافیوں کے لئے انتہائی خطرناک ممالک میں شامل ہے تاہم صحافی اپنے فرائض کی بجاآوری میں اپنی جانوں کے نذرانے تک پیش کررہے ہیں اور عوام کو باخبر رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر مقامی صحافیوں اور مقتدر شخصیات بھی موجود تھیں بعد ازاں تمام صحافیوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیاگیا جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے اہلکار بھی تقریب میں شریک ہوئے اور ڈیلس کے ممتاز شاعر یونس اعجاز نے اپنا کلام بھی پیش کیا۔

مزید خبریں :