پاکستان
21 جنوری ، 2012

پرویز مشرف کو وطن واپسی پر سیکیورٹی دی جائے، ریٹائرڈ فوجی افسران

پرویز مشرف کو وطن واپسی پر سیکیورٹی دی جائے، ریٹائرڈ فوجی افسران

اسلام آباد … افواج پاکستان کے ریٹائرڈ افسران پر مشتمل پاکستان فرسٹ فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پرویز مشرف کو وطن واپسی پر مناسب سیکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کرے۔ عسکری اداروں سے متعلق غلط پروپیگنڈا پاکستان کو کمزور کرنے کی سنگین سازش ہے۔ پاکستان فرسٹ فورم کے اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان پر 168 ریٹائرڈ فوجی افسران کے نام تحریر ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ جب چاہے وطن واپس آئے۔ پاکستان فرسٹ فورم کی جانب سے کہا گیا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف آئین کے مطابق عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، عسکری اداروں سے متعلق غلط پروپیگنڈا پاکستان کو کمزور کرنے کی سنگین سازش ہے جس سے ملک اور قوم کے وقار کو دھچکا لگ سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی سے متعلق غیرذمہ دارانہ بیانات قابل مذمت ہیں۔ اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے فرائض ادا کرنے دیئے جائیں۔ قومی وقار اور ملکی سلامتی کا تقاضہ ہے کہ قوم کا مورال بلند رکھنے کے لئے تمام ادارے حدود میں رہتے ہوئے ملکی اور بیرونی سطح پر تعاون کریں۔ ایکس سروس مین سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل کموڈور ریٹائرڈ فاروق مرزا نے بھی پاکستان فورم کے بیان کی تائید کی ہے۔

مزید خبریں :