04 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امام کعبہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے درخواست کی ہے کہ وہ یہاں آکر مسلمانوں سے اختلافات دور کرنے کی اپیل کریں۔ اسلام آباد آئے ہوئے سعودی وزیراطلاعات عبدالعزیز بن محی الدین نے وزیراعظم گیلانی سے ملاقات کی، اس موقع پر دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم گیلانی نے امام کعبہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ وہ یہاں آکر مسلمانوں کو امن و آشتی کا بنیادی مذہبی درس بھی دیں۔ وزیراعظم نے دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے خادم الحرمین شریفین کے کردار کو سراہا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آزادانہ تجارت اور باہمی سرمایہ کاری کے معاہدوں کو جلد انجام دینے پر بھی زور دیا۔