دنیا
04 اپریل ، 2012

امریکا اور برطانیہ موسم کی شدتوں کا شکار،کئی شہروں میں نظام زندگی معطل

امریکا اور برطانیہ موسم کی شدتوں کا شکار،کئی شہروں میں نظام زندگی معطل

واشنگٹن / لندن … امریکا اور برطانیہ ان دنوں موسم کی شدتوں کا شکار ہیں، واشنگٹن اور ٹیکساس میں طوفان سے درجنوں مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تو دوسری جانب برطانیہ اور اسکاٹ لینڈ میں بھی برفباری نے نظام زندگی معطل کردیا ہے۔ امریکا کی ریاست ٹیکساس میں یکے بعد دیگرے آنے والے طوفان سے علاقے کو خاصا نقصان پہنچا۔ درجنوں مکانات کی چھتیں اڑگئیں، تیز ہوا اور جھکڑوں سے ٹرک اور گاڑیاں دور جاگریں، ساتھ ہی کئی علاقوں میں بجلی چلے جانے سے مسائل میں اضافہ ہوگیا۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکسا س میں ڈیلاس کے علاقے میں آنے والے طوفان نے ایمرجنسی کی صورتحال پیدا کردی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ دوسری جانب برطانیہ کے 2 حصوں میں موسم 2 مختلف رنگوں میں نظر آیا۔ انگلینڈ میں گرم اور سرد موسم کا امتزاج دیکھنے میں آیا اور لوگ موسم کا مزا لیتے دکھائی دئیے تو دوسری طرف اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی برفباری نے سارے علاقے کو برف سے ڈھک دیا۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک 7 انچ برف پڑ چکی ہے اور 11 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے تاہم رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھلی رہیں اور موسم کی شدتوں سے نمٹنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2 روز میں موسم اور بھی خراب ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :