15 مارچ ، 2014
کراچی…سندھ میں گندم کے کاشت کاروں کو ان کی محنت کا پھل ملنے والا ہے محکمہ خوراک سندھ نے گندم کی خریداری شروع کردی۔ صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب حسین نے جیو نیوز کو بتایا کہ آج سے محکمے نے میر پور خاص کے کاشت کاروں سے گندم کی خریداری کا افتتاح کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا بھی خیال رکھا جارہا ہے کہ آباد گاروں سے گندم 1200 روپے فی من کے حساب سے خریدی جائے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہاریوں کو باردانے کی تقسیم اور ان سے گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت کو ترجیح دیتے ہوئے صوبے بھر میں 396 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حکام کے مطابق صوبائی حکومت نے گندم کی خریداری کا ہدف 13 لاکھ ٹن مقرر کیا ہے۔