17 مارچ ، 2014
کراچی…ایم کیوایم کا 30واں یوم تاسیس 18مارچ 2014ء بروز منگل پاکستان سمیت دنیا بھر میں روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا ۔ یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر اور دنیا کے بیشتر ممالک میں اجتماعات منعقد ہوں گے جبکہ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوگا ۔یوم تاسیس کے اجتماعات سے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی و قائد الطاف حسین لندن سے ٹیلی فونک خطاب کریں گے ۔ایم کیوایم کے 30ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایم کیوایم کے کارکنان و حق پرست عوام میں زبردست جوش و خروش پایاجارہا ہے جبکہ خواتین کا جوش و خروش بھی قابل دید ہے ، ایم کیوایم کے مختلف سیکٹروں ، ونگز اور شعبہ جات کی جانب سے کراچی شہر کی مین شاہراہوں پر یوم تاسیس کے بینرز لگادیئے گئے ہیں۔ یوم تاسیس کے مرکزی اجتماع کے لئے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور جناح گراؤنڈ ، اس کے اطراف کے علاقوں کو الطاف حسین کی تصاویر پر مشتمل پینا فلکس اسکرینوں ، ایم کیوایم کے پرچموں ، برقی قمقموں اور جھالروں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ نائن زیرو کو بھی مختلف اقسام کے پھولوں کی مدد سے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے جو کارکنان و عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو ، ایم پی اے ہاسٹل ، خورشید بیگم سیکریٹریٹ اور اطراف کی گلیوں میں برقی قمقموں سے کی گئی سجاوٹ کے باعث تمام علاقہ بقعہ نور بنا ہوا ہے ۔دریں اثناء قائد تحریک الطا ف حسین نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کارکنوں اور ہمدردوں کو ایم کیو ایم کے30ویں یوم تاسیس کی تہہ دل سے مبارک باد پیش کی ہے اور کہا کہ جدوجہدکے تیس سالوں کے دوران تحریک کوکئی بارآگ اور خون کے دریاعبورکرنے پڑے،تحریک کے مشن ومقصدکے حصول کیلئے ہزاروں کارکنوں کواپنی جانوں کانذرانہ پیش کرناپڑا، انہیں در بدری، اسیری ، جلاوطنی اورطرح طرح اذیتوں کا سامنا کرناپڑا لیکن تحریک کے جاں نثارکارکنان ان تمام ترمظالم ،کٹھن ونامساعد حالات اور رکاوٹوں کے باوجود ڈٹے رہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ تحریک کے شہداء کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ تیس سال قبل لگایا جانے والا حق پرستی کا پودا آج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے اور دشمن عناصر کی تمام ترسازشوں اورزہریلے پروپیگنڈوں کے باوجودایم کیوایم کاپیغام سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، قبائلی وشمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان اورآزادکشمیرکے ایک ایک علاقے میں پہنچ چکاہے ۔ الطاف حسین نے شہدا ء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اورایم کیوایم کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہ کریں اورشہداء کے لواحقین اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اسیر کارکنان کے اہل خانہ کو نہ صرف یاد رکھیں بلکہ ان کی خبر گیری بھی کریں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس یوم تاسیس کو ملک و قوم کیلئے مبارک ثابت فرمائے اور ملک سے دہشت گردی ، انتہاء پسندی کا خاتمہ فرمائے اور ملک و قوم کو امن و استحکام اور سلامتی عطا فرما ئے ۔