19 مارچ ، 2014
کوالالمپور… ملایشیا ایئرلائن کے طیارے کو لاپتا ہوئے آج 12 دن ہو گئے تاہم اب تک کوئی سراغ نہ مل سکا، لاپتہ مسافروں کے لواحقین نے درست معلومات فراہم نہ کئے جانے پر بھوک ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ 8 مارچ کو ملائشیا سے بیجنگ جانے والا 777طیارہ ناجانے کہاں چلا گیا، 26 ممالک کی ٹیمیں تو کھوج میں لگی ہیں لیکن اپنے گمشدہ پیاروں کو یادکرنے والے لواحقین پل پل تڑپ رہے ہیں۔ چینی مسافروں کے لواحقین کا تو صبر چھلک گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ملائشین حکام طیارے کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کررہے اور متضادات بیانات نے معاملے کو مزید الجھادیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملائیشین حکومت درست معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی تو وہ احتجاجاً بھوک ہڑتال کریں گے، لواحقین نے ملائیشین فضائی کمپنی کے دفتر کے سامنے مظاہرہ بھی کیا۔ ادھر لاپتا طیارے کے مسافر اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کے لئے دارالحکومت کوالالمپور کے مضافات میں سیکڑوں افراد جع ہوئے اور لاپتا افراد کے لئے دعائیں کیں، لاپتا طیارے کی تلاش کا کام تا حال جاری ہے اور ملائشین حکام کے مطابق تلاش کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ اس کا کل حجم آسٹریلیا کے رقبے کے برابر ہے، ملائشین پولیس اور تحقیق کار اب تک طیارے کے لاپتا ہونے کے محرکات کا پتا لگانے میں بھی ناکام ہیں۔