پاکستان
19 مارچ ، 2014

حکومت چند ڈالروں کے عوض ملک کی غیرت کا سودا نہ کرے، مجلس وحدت

حکومت چند ڈالروں کے عوض ملک کی غیرت کا سودا نہ کرے، مجلس وحدت

کراچی …مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی نے پاک فوج کے جوانوں کو نواز شریف حکومت کے ایجنڈے پر شام اور بحرین بھیجے جانے کی اطلاعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ، مہدی عابدی نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستا ن کو بعض عرب ملکوں کی چھاؤنی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، نواز حکومت کو چاہئیے کہ وہ شام اور بحرین کی جنگ کو پاکستان میں نہ لائے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیاد ی اصولوں پر کاربند رہے، حکومت چند ڈالروں کے عوض ملک کو گروی رکھنا چاہتی ہے اور چند ڈالروں کے عوض امریکی اور اسرائیلی ایماء پر ملک کوغیر ملکیوں کی خواہشات پر قربان کرنا چاہتی ہے ،حکومت کو چاہئیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے بصورت دیگر سنگین نتائج مرتب ہوں گے اور ملک اس وقت کسی سنگین نتائج کو برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہے۔دریں اثناء بعض عرب ملکوں کی پاکستانی معاملات میں براہ راست مداخلت خطے سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اس سے نہ صرف دنیا کے امن و سکون کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ پاکستان کی سلامتی بھی خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماؤں علامہ ضیغم عباس، علامہ انصاری، ظہیر عباس نقوی اور دیگر نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اس کی بنیادی وجہ بیرونی مداخلت ہے۔ دہشت پسندوں نے ملک و قوم کاسکون تباہ کر رکھا ہے۔انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کو کسی بھی اسلامی ملک کے خلاف استعمال کرنے سے باز رہے۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سعودیہ، بحرین سمیت کسی بھی ملک کے ایجنڈے کا حصہ نہ بنے۔

مزید خبریں :