پاکستان
19 مارچ ، 2014

سپریم کورٹ میں 35 لاپتہ افراد کے کیس کی 35 ویں سماعت

سپریم کورٹ میں 35 لاپتہ افراد کے کیس کی 35 ویں سماعت

اسلام آباد…سپریم کورٹ کو 35 لاپتہ افراد کے کیس میں اٹارنی جنرل نے یقین دلایا ہے کہ35 افراد کی جبری گمشدگی میں ملوث فوجی افسران کے خلاف آج ہی ایف آئی آر درج کرا دی جائے گی۔جسٹس جواد خواجہ نے ریمارکس دیے کہ پیش رفت اہم ہے، معاملہ کل دیکھیں گے۔ سپریم کورٹ میں 35 لاپتہ افراد کیس کی 35ویں سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالتی حکم کے باوجود وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو دی گئی ڈیڈ لائن گزر گئی مگر 23افراد کی بازیابی کے حکم پر عمل درآمد نہ ہوسکا۔ اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے ایڈیشنل سیکرٹری دفاع کو وضاحت کے لیے بھیجا ہے۔ جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ہمیں وزارت دفاع سمیت کسی کی وضاحت نہیں سننی، تفصیلی حکم آج ہی دیں گے۔ کیس میں وقفے کے بعد اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے عدالت کو یقین دلایا کہ مالاکنڈ کے حراستی مرکز سے 35 افراد کی جبری گمشدگی میں ملوث فوجی افسران کے خلاف آج ہی پرچہ کاٹا جائے گا، 35لاپتا افراد سے متعلق 10دسمبر 2013ء کے حکم پر بہت پہلے عملدرآمد ہو جانا چاہے تھا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضامن ہوتی ہے، عدالت بارہا کہہ چکی ہے کہ آئین سے اوپر کوئی بھی نہیں ہو گا، کیس کی مزید سماعت کل ہوگی۔

مزید خبریں :