دنیا
19 مارچ ، 2014

مالدیپ میں 12 دن پہلے نیچی پرواز والے مشکوک طیارے کو دیکھا گیا تھا

مالدیپ میں 12 دن پہلے نیچی پرواز والے مشکوک طیارے کو دیکھا گیا تھا

کوالالمپور…مالدیپ میں 12دن پہلے نیچی پرواز والے مشکوک طیارے کو دیکھا گیا تھا، کیا وہ ملائیشیا کا طیارہ تھا؟ حکام کہتے ہیں پائلٹ آخری رابطے سے 12منٹ پہلے طیارے کو روٹ سے ہٹنے کی ہدایت دے چکا تھا، طیارے کی تلاش جاری لیکن انشورنس کمپنی نے بیمہ شدہ رقم ادا کردی مالدیپ میں 12دن پہلے نیچی پرواز والے مشکوک طیارے کو دیکھا گیا تھا، جو ممکنہ طور پر ملائیشیا کا گمشدہ طیارہ ہوسکتا ہے۔ کوالالمپور سے 239مسافروں کو بیجنگ کی طرف لے جانے والا طیارے کہاں گیا۔ اس سوال کا جواب 12 روز بعد بھی نہیں مل سکا، لیکن اب بھی بوئنگ777 کی گمشدگی سوالات،تحقیقات اور خدشات کی زد میں ہے۔ملائیشین اخبار کہتا ہے کہ طیارے کے کپتان کے گھر سے ملنے والے سیمیولیٹر میں 5 رن وے پر لینڈ کرنے کے سافٹ ویئر فیڈ ہیں، جن میں بھارتی اور سری لنکن رن وے بھی شامل ہیں ۔حکام کہتے ہیں کہ سیمیولیٹر میں سے کچھ ڈیٹا تلف بھی کیا گیا ہے جسے حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ملائیشین حکام نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے کا رخ موڑنے کی ہدایات کاک پٹ سے ہونے والے آخری رابطے سے 12منٹ قبل سسٹم میں ڈال دی گئیں تھیں۔ امریکی میڈیا نے ایک اور انکشاف کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیارہ جس صبح غائب ہوا اسی صبح 6بج کر 51منٹ پر مالدیپ میں ایک طیارہ انتہائی نیچے پرواز کرتے دیکھا گیا تھا، خیال کیا جارہا ہے کہ یہ لاپتا بوئنگ 777 تھا ۔ ملائیشین حکام نے اس معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ بہت سے ممالک سے ریڈار ڈیٹا ملا ہے لیکن ابھی تفصیلات سے آگاہ نہیں کرسکتے۔ ادھرسینئر بھارتی فوجی افسر نے امریکی میڈیا سے بات چیت میں خدشہ طاہر کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ جس وقت طیارہ جزائر انڈیمان اور نکوبار سے گزرا ہو اس وقت بھارتی ریڈار بند ہوں کیونکہ اس خطے میں فوجی کارروائی کے خطرات کم ہوتے ہیں،لیکن سوال یہ ہے کہ کسی بھی خودمختار ملک کی فضائی حدود کی نگرانی کسی بھی وقت کیسے بند ہوسکتی ہے؟ادھر جرمن انشورنس کمپنی نے بھی لاپتا طیارے کی انشورنس کی ابتدائی رقم ادا کردی ہے جبکہ طیارے کی تلاش اب جنوبی بحر ہند میں بھی جاری ہے۔

مزید خبریں :