05 اپریل ، 2012
اسلام آباد… میمو گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کا اجلاس آج اسلام آبادمیں ہوگا۔اسکینڈل کے مبینہ کردارحسین حقانی نے کمیشن کے سامنے پیش ہونے پرطبی بنیادوں پرمعذرت کرلی ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں میموتحقیقاتی کمیشن کے آج ہونیو الے اجلاس سے ایک روز قبل اسکینڈل کے مبینہ کردار حسین حقانی نے اسپتال کے سرٹیفکیٹ کے ہمراہ کمیشن کی کارروائی ملتوی کرنے کی تحریری درخواست جمع کرائی ہے، جس میں کہاگیاہے کہ وہ امریکی اسپتال میں عارضہ قلب کاعلاج کرارہے ہیں جہاں ان کاسی ٹی اسکین اورایم آرآئی ہوناہے، ان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر فیصلے اور ڈاکٹرز سے کلیئرنس ملنے تک کمیشن کارروائی روک دی جائے۔وزارت خارجہ کی جانب سے جنوری 2011 سے حسین حقانی کے مستعفی ہونے تک ان کی دفتر خارجہ سے خط و کتابت اور دیگر دستاویزات کا مکمل ریکارڈبھی پیش کیاجائیگا۔ کمیشن نے متعلقہ ریکارڈطلب کرتے ہوئے آرڈرمیں لکھوایاتھاکہ خفیہ معلومات کے حساس ہونے کی صورت میں سیکرٹری خارجہ ریکارڈلے کر خود حاضر ہوں۔ میمو کمیشن کے اجلاس میں کشمیری رہنمایاسین ملک کے بیان پر جرح بھی کی جائے گی۔