05 اپریل ، 2012
کوئٹہ… بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف زمینداروں نے بلوچستان میں مختلف مقامات پر قومی شاہراہیں احتجاجا رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک کردیں۔ زمینداروں کا احتجاج آج شام چھ بجے تک جاری رہے گابجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف زمیندارایکشن کمیٹی بلوچستان نے صوبہ بھر میں قومی شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کااعلان کیا تھا، اس حوالے سے زمینداروں کی جانب سے کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک، مستونگ کے علاقے دشت اور لک پاس، کھڈکوچہ، قلات کے علاقے منگوچر، پشین میں یارو، زیارت میں کواس، نوشکی، بولان، سبی اور دیگر علاقوں میں قومی شاہراہیں رکاوٹیں کھڑی کرکے بلاک کردی گئی ہیں،جس کے نتیجے میں سڑکیں بلاک ہونے سے کوئٹہ کا سبی، پشین، چمن، لورالائی، زیارت، ڑوب،نوشکی، قلات، خضداراور کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے رہنماء زمیندار ایکشن کمیٹی عبدالرحمن بازئی نے جیو نیوز کو بتایا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث صوبے میں زراعت تباہ ہوگئی ہے۔