06 اپریل ، 2012
مقبوضہ بیت المقدس ... فلسطینی اسیران پر ہونے والے مظالم کا دستاویزی ریکارڈ مرتب کرنے والے تجزیہ کار عبدالناصر فروانہ کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ نے عقوبت خانوں میں 190 کم سن فلسطینی بچوں کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے عبدالناصر فروانہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دوران حراست بچوں کو اذیت ناک تشدد، بلیک میلنگ اور نہایت ظالمانہ طریقے سے ان کے خلاف فوجداری مقدمات بنا کر انہیں پھنسانے کی کوشش کی جاتی ہے حالانکہ یہ تمام اقدامات بچوں کے حقوق کے عالمی معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔عبدالناصر فروانہ نے مزیدکہا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس اہلکار انہیں نہایت بے رحمی کے ساتھ ہاتھ پاوٴں باندھنے، انہیں ہتھکڑیاں ڈالتے اور ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھتے ہیں۔ دوران تفتیش اْنہیں بھی اسی طرح کے تشدد کے حربوں کا سامنا کرنا پڑتا جس طرح بڑی عمر کے جنگی قیدیوں کے ساتھ کیا جا سکتا ہے۔ انہیں بجلی کے جھٹکے لگائے جاتے ہیں۔فلسطینی حکومت کی جانب سے بچوں کے قومی دن پر جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین میں کل آبادی 40 لاکھ 17 ہزار سے زیادہ ہے۔ ان میں 20 لاکھ سے زیادہ تعداد اٹھارہ سال سے کم عمر کے بچوں کی ہے جو کل آبادی کے 48 فیصد نمائندگی کرتے ہیں۔