06 اپریل ، 2012
کوئٹہ… سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے آئی جی بلوچستان کو حکم دیا ہے کہ تین اپریل کو کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل سے لاپتہ ہونے والے تین افراد کو 10 اپریل تک عدالت میں پیش کیا جائے۔ بلوچستان میں امن و امان سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں ہوئی۔۔ سماعت کے دوران سریاب روڈ سے 10مارچ کو لاپتہ ہونے والے سات میں سے چار افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔ چیف جسٹس نے تھانہ نیو سریاب کے ایس ایچ او سے استفسار کیا کہ بازیاب کئے گئے افراد کہاں تھے؟ ایس ایچ او نور بخش نے بتایا کہ ان لوگوں کو رات گئے بازیاب کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ نہیں کی جاسکی ہے ، چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے خلاف کوئی کیسز ہیں تو انہیں حراست میں رکھا جائے ورنہ رہا کردیا جائے۔ چیف جسٹس نے ایس ایچ او کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ 10 اپریل تک باقی لاپتہ افراد پیش نہ ہوسکے توایس ایچ او کو معطل کردیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے آئی جی کو حکم دیا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار بھی کسی کے اغواء میں ملوث ہو تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ بعد میں کیس کی سماعت 12اپریل تک ملتوی کردی گئی۔