02 اپریل ، 2014
اسلام آباد… پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن موبائل لمٹیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن شبیر خان مستعفی ہو گئے ہیں، وزیر اعظم نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔شبیرخان وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام، انوشہ رحمان کے شوہرہیں۔دو دن قبل روزنامہ جنگ اور دی نیوز میں شبیر خان کی تعیناتی سے متعلق ایک خبر بھی شائع ہوئی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق شبیر احمد خان کو اْس موبائل کمپنی کے بورڈ کا ممبر بنایا گیا جو حکومت پاکستان اور ایک نجی کمپنی کی مشترکہ ملکیت ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی ٹی ٹیلی کام کے وفاقی سیکریٹریم اخلاق احمد تارڑ نے شبیر احمد خان کی تعیناتی کو میرٹ پر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی تعیناتی تجربے اور قابلیت کی بنیاد پر کی گئی، نہ کہ خاتون وزیر کے شوہر ہونے کی وجہ سے۔ اخلاق تارڑ کے مطابق شبیر احمد خان کی تقرری کا تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی سے کوئی تعلق نہیں۔ انوشہ رحمان نے اس رپورٹ پر کسی بھی تبصرے سے گریز کیا تھا۔