07 اپریل ، 2014
تھرپارکر…کورکمانڈرکراچی لیفٹننٹ جنرل سجادغنی نے تھرپارکر میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ سندھ حکومت نے مٹھی میں سیمینار منعقد کیا جس میں تھر متاثرین کی مستقل بحالی سے متعلق امورپرتجاویزپیش کی گئیں۔کورکمانڈرکراچی لیفٹننٹ جنرل سجادغنی نے چھاچھرو اورنگرپارکرمیں متاثرین تھر کے لیے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا۔ مریضوں کی عیادت کی اور متاثرین خشک سالی میں راشن تقسیم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے متاثرین تھر میں اب تک 3 ہزار ٹن راشن تقسیم کیا جاچکا ہے جبکہ 22 ہزار بچوں سمیت50ہزار مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ دوسری جانب متاثرین تھر کی بحالی کیلئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کے سربراہ تاج حیدر کی زیر صدارت دربار ہال مٹھی میں مشاورتی سیمینار منعقد کیاگیا، جس میں صحت ، ریلیف ، محکمہ حیوانات اور خوراک کے اعلیٰ افسران سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اورمتاثرین کی مکمل بحالی کیلئیتجاویزپیش کیں۔