13 اپریل ، 2014
پشاور…حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات میں رابطہ کارکمیٹی کے رکن پروفیسرابراہیم نے کہاہے کہ حکومت اور طالبان مذاکرات کی کامیابی میں مشکلات زیادہ ہیں، سب سے بڑی رکاوٹ اعتماد کا فقدان ہے۔پشاورمیں غیرملکی میڈیاکوانٹرویومیں پروفیسرابراہیم نے کہاکہ حکومت نے جو قیدی چھوڑے، ان کی فہرست ہمیں نہیں دی گئی۔رہاکئے گئے قیدیوں کے بارے میں ہمیں بتایا جائے تاکہ ہم بھی پروفیسر اجمل، علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کی رہائی کیلئے طالبان پر دباوٴ ڈال سکیں۔پروفیسرابراہیم نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی میں بہت زیادہ مشکلات ہیں اورسب سے بڑی رکاوٹ اعتماد کا فقدان ہے۔ پروفیسر ابراہیم کا کہناتھاکہ ہمارا خیال تھا کہ مذاکرات میں حکومت اور فوج ایک ہی صفحے پر ہیں تاہم فوج نے مذاکرات کے حوالے سے تحفظات کااظہارکیاہے۔پروفیسرابرہیم نے مزیدکہاکہ طالبان گروپوں کے درمیان جھڑپوں سے بھی مذاکرات میں تعطل آیا۔