14 اپریل ، 2014
کراچی…بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر مینگل کا کہنا ہے کہ حکومت تبدیل ہوئی لیکن بلوچستان کے حالات نہیں بدلے ،اب لاش کے بجائے اجتماعی قبریں مل رہی ہیں۔مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کہتے ہیں کہ طاقت سے نہ وزیرستان کو زیر کیا جاسکتا ہے نہ ہی بلوچستان کو۔کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کیلئے جو مائنڈ سیٹ ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔صوبے کیلئے نو نکات پیش کئے لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔اس موقع پر مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما آفاق احمد کا کہنا تھا کہ لاپتہ لوگ اگر کسی جرم میں ملوث ہیں تو عدالتوں میں پیش کیاجائے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف بلوچستان کے لوگوں کا نہیں پورے ملک کا ہے۔ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلہ کو سنجیدہ طور پر نہ لیا گیا تو اس کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔