پاکستان
18 اپریل ، 2014

ایم کیوایم ہی محروم عوام کی آخری امیدہے،الطاف حسین کی خالد مقبول سے گفتگو

 ایم کیوایم ہی محروم عوام کی آخری امیدہے،الطاف حسین کی خالد مقبول سے گفتگو

لندن……متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ہی پاکستان کے غریب اور محروم عوام کے حقوق اور ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے عوام کی آخری امیدہے، ایم کیوایم کے کارکنان تحریک کے مشن ومقصدکے حصول کیلئے ثابت قدمی اورمستقل مزاجی کے ساتھ اپنی جدوجہدجاری رکھیں۔ انہوں نے یہ بات رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں الطاف حسین سے ملاقات کی۔ ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے قائد تحریک الطاف حسین کو پاکستان کی سیاسی صورتحال ،تنظیمی کارکردگی اورملک کے چاروں صوبوں میں ایم کیوایم کے بڑھتے ہوئے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ استحصالی قوتوں کی تمام ترسازشوں اورمنفی پروپیگنڈوں کے باوجود سندھ، پنجاب، بلوچستان،خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان ، شمالی وقبائلی علاقہ جات اورآزادکشمیر میں ایم کیو ایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت ا ورسیاسی کارکنوں اورغریب ومتوسط طبقہ کے عوام کی ایم کیوایم میں شمولیت خوش آئندہے ۔انہوں نے کہاکہ غریب ومتوسط طبقہ کے عوام تمام جماعتوں کوآزماچکے ہیں اوروہ سمجھ چکے ہیں کہ ایم کیوایم ہی انہیں مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ الطاف حسین نے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی پرزوردیاکہ تحریک میں ہرسطح پرتنظیمی ڈسپلن کاسختی سے نفاذ کیاجائے اورتمام ترتنظیمی وسیاسی فیصلے دوستی ، اقرباء پروری اورپسندناپسندکے بجائے صرف اورصرف میرٹ کی بنیاد پر کئے جائیں۔

مزید خبریں :