پاکستان
21 اپریل ، 2014

پروفیسر سیف کاقتل اردوبولنے والے پروفیشنلز کے قتل کا تسلسل ہے، الطاف حسین

پروفیسر سیف کاقتل اردوبولنے والے پروفیشنلز کے قتل کا تسلسل ہے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاقت آباد میں دہشت گردوں کے ہاتھوں پروفیسر سیف الدین جعفری کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گردی کے واقعہ کو اردوبولنے والے پروفیشنلز کے قتل کا تسلسل قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت فرقہ واریت کے نام پراردوبولنے والے پروفیسروں ، ڈاکٹروں ، وکلاء اوردیگر پروفیشنلز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور پروفیسر سیف الدین جعفری کا سفاکانہ قتل بھی اسی گھناوٴنی سازش کا تسلسل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بے گناہ شہریوں بالخصوص اردوبولنے والے پروفیشنلز کی ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات اور قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت وانتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ملک بھر کے امن اور انصاف پسند عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر حکومت، سفاک قاتلوں اوردہشت گردوں کو گرفتارکرنے اور شہریوں کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں کیوں ناکام ہورہی ہے ۔ الطاف حسین نے وزیر اعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں اردوبولنے والے پروفیشنلز کے بہیمانہ قتل کے واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، سفاک قاتلوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے اور شہریوں کو بلاامتیاز جان ومال کاتحفظ فراہم کیاجائے،انھوں نے پروفیسر سیف الدین جعفری کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔(آمین)۔دریں اثناء رکن رابطہ کمیٹی سیف یار خان نے رکن صوبائی اسمبلی محمد دلاور کے ہمراہ مقامی اسپتال جاکر ایم کیو ایم علماء کمیٹی کے رکن مولانا شاہ فیروز الدین رحمانی کی عیادت کی،اور الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے دعا کی ۔

مزید خبریں :