23 اپریل ، 2014
کراچی…سندھ ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت سات مئی تک ملتوی کردی ۔سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت سندھ ہائی کور ٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل نے موقف اختیارکیا کہ انھیں کل ہی نوٹس ملاہے ، کمنٹس فائل کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے جس پر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے کہاکہ وفاقی حکومت اس معاملے پر پہلے کام کرچکی ہے ، مزید پندرہ روز دینا مناسب نہیں ، پرویز مشرف کی والدہ کی طبیعت خراب ہے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے سماعت جلد ہونی چاہئے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر اداروں کو اپنے مکمل جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت سات مئی تک ملتوی کردی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ کورٹ پر بھی کام کا دباوٴ زیادہ ہے اس لئے طرفین کی رضامندی سے سماعت سات مئی ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کی گئی ۔