25 اپریل ، 2014
لاہور…جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف سول سوسائٹی سراپا احتجاج ہے۔ وہ مختلف طریقوں سے اپنے پسندیدہ صحافی حامد میر سے محبت کا اظہار کرتے رہے۔سینئر صحافی اور جیو نیوز کے مقبول ترین پروگرام کیپٹل ٹاک کے اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملہ ہوا تو پوری قوم صدمے کا شکار ہو گئی۔ لوگوں نے حامد میر سے اپنی محبت کا اظہار پرامن مظاہروں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا سے کیا،کچھ نے اس کے لئے انوکھا انداز اپنایا۔ کچھ لوگ فیصل آباد سے لاہور صرف اس لئے پہنچے کہ اپنے فن کے ذریعے حامد میر سے یکجہتی کا اظہار کر سکیں۔اس موقع پر ننھا منا بچہ بھی شامل ہواجو زیادہ تو نہیں جانتا، لیکن اسے اتنا ضرور پتہ ہے کہ حامد میر کے ساتھ جو ہوا اچھا نہیں ہوا۔عوام حامد میر سے اظہار یکجہتی کے لئے کوئی بھی طریقہ اختیار کریں، ان کا مقصد یہی ہے، کہ حامد میر پر حملے میں جو بھی ملوث ہے، اسے جلد بے نقاب کیا جائے۔