26 اپریل ، 2014
کراچی…کراچی میں امن و امان کے قیام سے متعلق اہم اجلاس میں شہری سطح پر 3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس کے قیام پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس میں دس ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ حکومت سندھ کی امن و امان کے حوالے سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین اویس مظفر کی صدارت میں سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہوا۔ترجمان سینٹرل پولیس آفس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے3 ہزار اہلکاروں پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس کے قائم کی جائے گی جس کا نام اسپیشل ایلیٹ فورس ٹو فائٹ ٹریرازم رکھا گیا ہے۔ پولیس فورس کے شہدا کا معاوضہ 20 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی۔ شہد کے لواحقین کو ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خوراک، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ، اسپیشل سکریٹری ٹو سی ایم، آئی جی سندھ،ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔