پاکستان
28 اپریل ، 2014

ملک میں موسم گرما کا آغاز ،سورج نے آگ برسانا شروع کردی

 ملک میں موسم گرما کا آغاز ،سورج نے آگ برسانا شروع کردی

اسلام آباد…ملک میں موسم گرما کا آغاز سے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کردی ہے۔ موسم گرماکے ابتدائی دنوں میں ہی شہری بے حال، بازار سنسان اور ٹریفک غائب ہوگیا ہے۔ اس گرمی میں انسان تو انسان پرندے بھی بلا ضرورت گھونسلوں سے نہیں نکل رہے۔ ملک کے بیشتر میدانی اور پہاڑی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں، اپریل کے آخری ہفتے میں سندھ میں چلنے والی گرم ہواوٴں اور لو نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا ہے، بازار اور سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں، لوگ درختوں کے نیچے بیٹھے ہیں یا پھر ٹھنڈے مشروبات کی دکانوں پر موجود ہیں ۔ عمر کوٹ کے علاقے چھور میں آج سب سے زیادہ 46 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ مٹھی، نواب شاہ اور سکھر میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ حیدرآباد میں پارہ 44 پر پہنچا تو بچے نہروں پر پہنچ گئے،پنجاب میں بھی گرمی نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا ہے۔ ملتان میں اپریل کے آخری دنوں میں چار سال بعد درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچا ہے۔ انسان تو دور پرندے بھی بلا ضرورت گھونسلوں سے نہیں نکل رہے۔ گوجرانوالہ ہو یا فیصل آباد، جھنگ، بہاول پوراور سرگودھا سمیت پنجاب کے تمام ہی شہروں میں دن کے اوقات میں بازار اور سڑکوں پر سناٹا ہے۔کہیں گنے کا تازہ شربت ہے تو کہیں املی اورآلوبخارے کے شربت کو گرمی کا توڑ قرار دیا جارہا ہے لوگوں کو سورج ڈھلنے کے بعد کچھ سکون ضرور ملتا ہے۔بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بھی آگ برساتے سورج نے معمولات زندگی متاثر کئے ہیں، سارا دن دکاندار گاہکوں کے انتظار میں رہتے ہیں، شربت بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی ہے ۔خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں موسم بتدرجہ گرم ہورہا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دو تین روز تک میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی نہیں اضافہ ہی ہوسکتا ہے۔۔آج کوئٹہ میں درجہ حرارت 30،اسلام آباد میں 36، ، پشاور میں 38 اور لاہور میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :