08 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے اچھے تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں، امریکا اور چین ہی نہیں مسلم لیگ ن سمیت تمام قومی جماعتیں بھی پاک بھارت بہتر تعلقات چاہتی ہیں، حافظ سعید کیخلاف شواہد ملے تو قانون کے مطابق کارروائی کرینگے۔ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر آصف زرداری کا دورہ بھارت کامیاب رہا، امریکا پاک بھارت اچھے تعلقات چاہتا ہے، چین نے بھی مشورہ دیا تھا کہ بھارت سے تجارت شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت سیکریٹری داخلہ مذاکرات 16اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے، حافظ سعید کے معاملے پر امریکا اوربھارت سے شواہد مانگیں گے، وزارت داخلہ کو ہدایات دے دی ہیں کہ حافظ سعید کے معاملے پر کوئی شواہد ملیں تو قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہونا چاہیے، یہ تاثر غلط ہے کہ حسین حقانی کو حکومت نے فرار کرایا، حکومت نے تو ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا، عدالت نے خود نکلوایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سب کو لیکر چلنا ہے۔ لاہور میں ہونے والی انرجی کانفرنس میں شہباز شریف کی شرکت سے ماحول اچھا ہوجائے گا، کانفرنس میں اسٹیک ہولڈرز کو توانائی بحران کا حل نکالنے کی دعوت دیں گے۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سانحہ گیاری پر افسوس اور آرمی و سویلین اہلکاروں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہا رکیا ۔