08 اپریل ، 2012
کراچی … پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی سلامتی و خود مختاری کے خلاف کوئی سمجھوتہ عوام کو قابل قبول نہیں ہوگا، نیٹو سپلائی کی بحالی کو ملکی سلامتی و خو د مختاری سے مشروط بنایا جائے۔ مرکز اہلسنت کراچی سے جاری اعلامیے کے مطابق ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے اکثریتی عوام کی رائے یہ ہے کہ قوموں کی سلامتی میں دنیا سے کٹ کر نہیں رہا جاسکتا، بیرونی طاقتوں کے دباوٴ میں آکر ملکوں کی سلامتی کا سودا نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کی سپلائی اور وزارت خارجہ کی پالیسی ایسے خطوط پر ہونی چاہئے جس میں قومی سلامتی و خود مختاری متاثر نہ ہوسکے، بیرونی قوتیں ملک میں مذہبی و سیاسی فرقہ واریت پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد پورے کرنا چاہتی ہیں۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی بحالی کے فیصلے سے قبل پارلیمنٹ میں موجود اور باہر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔