18 مئی ، 2014
سیالکوٹ …وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان دو ماہ سے مسلسل قلابازیاں کھارہے ہیں، مشرف کے بعد سیاسی یتیم ہونیوالے آج بنرز لگا کے نئے مالکان تلاش کر رہے ہیں۔سیالکوٹ میں جیو نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے تنازع چل رہا ہے،اس میں کچھ سیاست دانوں سمیت کچھ اور لوگوں کی اصلیت بھی سامنے آگئی ہے۔خواجہ آصف نے ان لوگوں پر بھی چوٹ کی جو موجودہ صورت حال سے فائدہ اٹھا نے کی کوشش کرکے اپنے مفادات کا تحفظ کررہے ہیں۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف قلابازیاں کھارہے ہیں پہلے جیو ان کیلئے اچھا تھا،اب وہ اسی پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔خواجہ آصف نے گفتگو میں کچھ تانگہ پارٹیوں کا بھی ذکر کیا جو سیاسی سرپرست کے انتظار میں ہیں۔وفاقی وزیر برائے پانی وبجلی نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں میڈیا، سیاسی رہنماؤں اور مذہبی رہنماؤں سمیت سب کو ساتھ دینا چاہیے۔