19 مئی ، 2014
کوئٹہ…بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں کلاشنکوف، کلا کوف اور ہزاروں گولیوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود بر آمد ہوا ہے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔ ایف سی مدد گار سینٹر کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کاکہناہے کہ صوبے میں بھارت اور افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں عد م استحکام پھیلانے میں ملوث ہیں،گلستان کے علاقے جنگل پیرعلیزئی میں فرنٹئیرکور اور پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پرمشکوک ٹرک پرچھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران کلاشنکوف،کلا کوف،پسٹلز، ٹیلی اسکوپ،ٹارچ،دوربینیں،دھماکا خیز مواد،فیوز،پرائما کورڈ،بیٹریاں،ریموٹ کنٹرول،مختلف اقسام کے سوئچ،سیکڑوں گولیوں سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمد کر کے دو ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہاکہ جنگل پیرعلیزئی میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ٹرک پرچھاپہ مارکراسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیاہے جن سے تفتیش جاری ہے۔ ان کاکہنا تھا بلوچستان میں بے امنی پیدا کرنے کیلئے بھارت اورافغانستان اسلحہ و گولہ بارود بجھوا رہے ہیں جبکہ افغانستان میں پاکستان مخالف تنظیموں کے 34 کیمپ آپریشنل ہیں، وفاقی حکومت نے عالمی برادری کواس کے ثبوت بھی فراہم کردیے ہیں۔