پاکستان
21 مئی ، 2014

ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ

ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ہنگامہ

لاہور…ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی کی ، بل کی کاپیاں پھاڑ دیں ، شور شرابے میں کئی بل اور ترامیم منظور کرلی گئیں۔ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی اجلاس سے واک آوٴٹ کرنے والی اپوزیشن آج پورے دھڑلے اور تیاری کے ساتھ اسمبلی میں آئی۔ اور ترقیاتی فنڈ نہ ملنے کے خلاف ہنگامہ آرائی شروع کردی، نعرے بازی کی، اسپیکر کے ڈائس کا گھیراوٴ کرلیا، مسودہ قانون کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑادیں اور اسپیکرکے ڈائس کے سامنے دھرنا بھی دیا، اسی دھینگا مشتی میں حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ 2014 کا بل منظور کرلیا۔دوسری طرف جیو کی بندش کے خلاف صحافیوں نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی کابائیکاٹ کیا، اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کے دوران پیمرا کیخلاف نعرے بھی لگائے گئے، تاہم حکومتی ٹیم صحافیوں کو مناکر اسمبلی میں لے گئی۔اس موقع پر اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بائیکاٹ ختم کرنے پرصحافیوں کے شکرگزار ہیں، گذشتہ روز پیمرا کے ارکان کے فیصلے کی ترجمان پیمرانے وضاحت کردی تھی، کیبل پر جیوکی بندش غیرقانونی ہے اس کانوٹس لیں گے، کیبل آپریٹرز کاکوئی حق نہیں ہے کہ وہ جیوکانمبرتبدیل کریں یابند کردیں یاعوام جیو نیوز نہ دیکھ سکیں، یہ صحافتی اورجمہوری روایات پر قدغن لگانے کی کوشش ہے اور وہ اس طرح کی کسی پابندی کے حق میں نہیں، رانا ثنا اللہ نے حامد میر پر حملے کی بھی مذمت کی اور کہاکہ وہ انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

مزید خبریں :